ٹیموں کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے، یونس خان

ٹیموں کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے، یونس خان

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ٹیموں کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہیے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے ہم نیوز کے پروگرام ’’گیم پلان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شرجیل خان کو پتہ ہے کہ ان کو کیسی بیٹنگ کرنی ہے، پاورپلے میں کھیلنے کے لیے شارٹس ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ پاور پلے میں 3 وکٹیں جانے سے مشکل ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15ویں اوور تک ٹیمیں ٹھیک کھیلتی ہیں اور 16ویں اوور میں وکٹیں گرنا شروع ہو جاتی ہیں جبکہ پہلے 6 اور آخری 5 اوورز میں ہی اصل کرکٹ ہوتی ہے۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے کافی محنت کی اور باوَلرز نے بلے بازوں کو مضبوط سائیڈ پر باوَلنگ کرائی۔ محمد عامر کی باڈی لینگویج بہت اچھی دیکھ رہے ہیں، ہم نے روبوٹ نہیں اچھے کھلاڑی بنانے ہیں۔

سابق کپتان نے فخر زمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فخر زمان نے بہت اچھی اننگز کھیلی اور انہوں نے اپنی کاکردگی کو ہر میچ میں لے کر جانا ہے۔ بین ڈنک نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی جبکہ کراچی کنگز کے باؤلرز بہت اچھی باؤلنگ کر رہے تھے۔

ٹیموں کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنی چاہیے کیونکہ کپتان یا تو چانس لیتے ہیں یا پھر نظر ہی نہیں آتے، لاہور قلندرز کی بیٹنگ مضبوط ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ ٹی ٹوینٹی میں اچھی باؤلنگ کراتے تھے ان سے کم سے کم 4 اوورز کرانے چاہیئیں۔ کھلاڑی کی جنگ اس کے بلے اور بال سے ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: آج بھی ایک میچ کھیلا جائے گا

یونس خان نے کہا کہ جو بھی کپتان اسمارٹ کپتانی کرے گا اس کی ٹیم جیت جائے گی اور جو بھی کپتان ٹیم کی جیت کے لیے محنت کرتے ہیں ان کی اپنی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔ شاداب خان کے پاس 3 سے 4 بلے باز ہیں جن کو وہ استعمال نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ جو کھلاڑی اچھا کھیل رہا ہوتا ہے کپتان کو اس سے بھی سیکھنا چاہیے جبکہ شرجیل خان ساری دنیا میں لیگ کھیلتے ہیں ان کو اپنی بلے بازی کا پتہ ہے۔ کھلاڑیوں کے درمیان پارٹنرشپ ہونی چاہیے۔

سابق کپتان نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس اپنا اکاوَنٹ کھولنے کا بہترین موقع ہے اور سرفراز احمد کو اپنی کاکردگی پر تھوڑی سی اور توجہ دینا ہو گی۔ پہلے شاداب خان کی فٹنس کا تھوڑا سا مسئلہ تھا۔

یونس خان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ آج کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جیت ہو گی۔


متعلقہ خبریں