سینیٹ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر قسم کے وسائل ہیں لیکن کرپشن کے باعث ترقی نہیں کر رہا۔ پیسے کے زور پر آنے والے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ تاریخی ہے جس میں انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے اقدامات کا کہا گیا ہے۔ خفیہ رائے دہی دائمی نہیں ہے بلکہ وقت کے تقاضے اور زمینی حقائق اور ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے مؤقف کی جیت ہوئی اور ہم نے دیکھا شفافیت کے معاملے پر کون کہاں کھڑا تھا۔ ہم چاہتے ہیں سینیٹ میں ہر رکن میرٹ پر منتخب ہو۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف دھونس اور دھاندلی کی جگہ کھڑی تھی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شفافیت کی جانب کھڑی تھی۔ اپوزیشن امیدوار کے خدمات بھی دیکھ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری سےہوں گے، سپریم کورٹ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ہر سطح پر بدعنوانی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ حفیظ شیخ اہل شخصیت ہیں اور وہ سینیٹ انتخابات میں جیت جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کو شفاف بنائے گا اور لوگ انتخابات میں شبلی فراز کو نہیں بلکہ عمران خان کو ووٹ دیں گے۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ فیصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کرے۔

شبلی فراز نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ خرید و فروخت میں ملوث ہر شخص پر ہماری نظر ہے۔


متعلقہ خبریں