’پارری‘ گرل کیساتھ موازنے پر مایوسی ہوئی، زارا نعیم


چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے امتحان میں عالمی ریکارڈ بنانیوالی پاکستانی طالبہ زارا نعیم ڈار نے اپنا موازانہ ’پارری گرل‘ سے کئے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

ایک انٹرویو میں زارا نعیم کا کہنا تھا کہ  وہ اس موازنے پر کافی مایوس ہیں، وہ اپنے اور دنانیر کے موازنے پر خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دونوں کے وائرل ہونے میں اس موازنے نے بھی بڑا کردار ادا کیا ہے لیکن یہ بہت غلط ہے۔

زارا نعیم کا کہنا تھا کہ یہ موازنہ مجھے بہت غلط لگا، دنانیر کو بھی یہ یقیناً بہت برا لگا ہو گا۔

اکاؤنٹنگ: پاکستانی طالبہ دنیا میں اول نمبر، قوم کا سر فخر سے بلند

ان کا کہنا تھا کہ موازنہ برابری پر کیا جاتا ہے، جب دو چیزیں بالکل مختلف ہوں تو آ پ موازنہ نہیں کر سکتے، اس موازنے کا کوئی سر پیر نہیں ہے۔

گزشتہ دنوں اپنی کامیابی سے متعلق ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد بہت اچھا لگ رہا ہے، خاص طور پر اپنی فیملی کے لئے خوش ہوں جو آج مجھ پر نازاں ہیں۔

زارا نعیم نے اپنے مضامین کے بارے میں بتایا کہ میری تعلیم اکاؤنٹنسی سے متعلق ہے، جس میں آڈٹ، ٹیکسیشن اور دیگر امور پر تعلیم دی جاتی ہے۔

کئی روز سے سوشل میڈیا پر ملنے والی پذیرائی پر زارا خوشی سے نہال ہونہار پاکستانی طالبہ کہتی ہیں کہ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر میری کامیابی کو سراہا جا رہا ہے جو کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔

زارا نعیم نے بتایا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کے دنوں میں امتحان کی تیاری بہت بڑا چیلنج تھا، آن لائن کلاسز میں تیاری کی، دسمبر میں سماجی فاصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے امتحانات کا انعقاد ہوا تھا۔

زارا کہتی ہیں کہ رواں سال کے آخر تک ان کا اے سی سی اے مکمل ہو جائے گا۔ اس کے بعد فیلڈ میں تجربہ حاصل کرنے کے لئے آرٹیکل شپ کا آغاز ہو گا، جس کے بعد اے سی سی اے کی ممبر شپ حاصل ہو گی۔

مزید پڑھیں: اکاؤنٹنگ: پاکستانی طالبہ دنیا میں اول نمبر، قوم کا سر فخر سے بلند

مستقبل سے متعلق زارا نعیم کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں اپنی کنسلٹینسی فرم بنانا چاہتی ہوں، جو بین الاقوامی کمپنیوں کو کنسلٹینسی فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اکائونٹنسی کی تعلیم سے جو وقت ملتا ہے اس میں مختلف مشاغل پورے کرتی ہوں، سیر و سیاحت اور اسپورٹس کا شوق رکھتی ہوں۔ آن لائن گیمنگ کے علاوہ میک اپ کرنا اچھا لگتا ہے اور ایک لائف اسٹائل بلاگ بھی چلا رہی ہوں۔


متعلقہ خبریں