یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم سے بھی ووٹ مانگ لیا

Yousaf raza gillani

سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان کو ووٹ کے حصول کیلئے خط لکھا ہے۔

وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہا یوسف رضا گیلانی کی دیدہ دلیری کا عالم یہ ہے کہ وزیراعظم سے ووٹ مانگ رہے ہیں،  یوسف رضا گیلانی نے آصف زرداری کی جانب سے سوئس حکام کو خط لکھنے سے انکار کیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات ہوا میں اڑانے کی پاداش میں یوسف رضا گیلانی نے نااہلی کا پروانہ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: یوسف رضا گیلانی کا اراکین قومی اسمبلی کو اہم خط

خیال رہے کہ یوسف رضا گیلانی نے اراکین قومی اسمبلی کو سینیٹ انتخابات میں حمایت کے لیے خط لکھا تھا۔ انہوں نے اپنے خط میں اراکین قومی اسمبلی سے درخواست کی کہ وہ 3 مارچ کے سینیٹ انتخاب کے لیے ووٹ دیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے لکھا کہ میں 1985 سے پارلیمان کا حصہ ہوں اور میرے 4 دہائیوں کا سیاسی سفر سب کے سامنے ہے۔ میں نے بطور وزیر اعظم حزب اختلاف کے لیے دروازے کھلے رکھے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے یکجہتی کی ضرورت ہے اور ہمیں پارلیمان کے تقدس کے لیے اکٹھے ہونا ہے۔ سیاسی و نظریاتی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنی انا کی تسکین یا حکومت کے خلاف نہیں لڑ رہا اور مجھے امید ہے کہ 3 مارچ کو کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے۔

 


متعلقہ خبریں