میں خطرناک ہوں تو نواز شریف سے صلح کر لیں، شہبازکا کپتان کو مشورہ


رحیم یارخان: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے عمران خان کو کہا ہے کہ اگر میں نوازشریف سے بھی خطرناک ہوں تو پھرآپ ان سے صلح کرلیں۔

رحیم یارخان میں خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینیرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر اللہ نے دوبارہ موقع دیا توہم اسے دنیا کی بہترین یونیورسٹی بنا دیں گے۔ ہمارے دورمیں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ ہزاروں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی۔ وہ وقت جلد آئے گا جب بجلی کے اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے پچھلے دس سال کے دوران جنوبی پنجاب میں ریکارڈ کام کرائے ہیں اور اس علاقے کو تمام منصوبوں میں آبادی کے تناسب کے لحاظ سے دس فیصد زیادہ کوٹہ دیا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران شہبازشریف کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی کا فیزون مکمل ہوچکا جبکہ فیز ٹو دسمبر 2018 تک  مکمل کرلیا جائے گا۔

متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ فیزٹو کے لئے 175 ایکڑ زمین درکار ہے۔ فیز ون اور فیزٹو پرچھ ارب روپے لاگت آئے گی۔ مکمل تعمیرکے بعد 275 ایکڑپرمحیط یہ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی یونیورسٹی ہوگی۔ اس کے چھ اکیڈمک بلاک مکمل ہو چکےہیں جن میں الیکٹریکل انجینیرنگ، میکینکل انجینیرنگ، سول انجینیرنگ، کمپیوٹرانجینیرنگ، کمپیوٹرسائنس اورانفارمیشن ٹیکنالوجی اکیڈمک بلاک شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2014 میں 150  طلبہ وطالبات نے یونیورسٹی میں داخلہ لیا جبکہ اس وقت یہ تعداد 2400 تک پہنچ چکی ہے۔ ‎ 2020 تک سات ہزارطالب علموں کے داخلہ لینے کا امکان ہے۔ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد 70 ہے۔

شہبازشریف نے افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کو مکمل ایئرکنڈیشنڈ  بنانے اورطالب علموں کے لیےمزید چھ بسیں دینے کا اعلان کیا۔


متعلقہ خبریں