کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 189 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور محمد نبی نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ بابراعظم 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمد نبی نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے پہلے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 34 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گری جب کامران اکمل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ  کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے ٹام کوہلر کیڈمور کی لی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 6: اسلام آباد اور کوئٹہ کےدرمیان آج ہونے والا میچ ملتوی

زلمی کو 34 رنز پر تیسری وکٹ کا نقصان شعیب ملک کی صورت میں اُٹھانا پڑا، محمد الیاس نے شعیب ملک کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیجا۔

پشاور زلمی کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے۔ وہ 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چار کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد روی بپارا اور شرفین ردرفورڈ نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ ردرفوڈ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آج  دوسرے میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شام سات بجے آمنے سامنے ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ویو رچرڈز کی سالگرہ منائی

 


متعلقہ خبریں