بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 4 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والوں کی تعداد 4 ہو گئی | urduhumnews.wpengine.com

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ہفتہ کے روز شہید کئے گئے کشمیریوں کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کے تازہ واقعہ میں تین کشمیری نوجوان اس وقت شہید کئے گئے جب سری نگر کے چٹہ بل علاقے میں تلاشی کا عمل شروع کیا گیا۔

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران قابض فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا تھا۔

بھارتی فوج کی پرتشدد تلاشی کے بعد علاقے میں شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اس دوران متعدد مقامات پر انڈین فورسز نے مظاہرین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

انڈین فورسز کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا۔ جس کے بعد مظاہرین چٹہ بل سے نکل کر سری نگر کے دیگر حصوں میں پھیل گئے۔

رپورٹس کے مطابق انڈین قابض فوج کی ایک گاڑی نے سری نگر کے صفاکدل نامی علاقے میں جان بوجھ کر عادل احمد نامی مقامی شہری کو ٹکر ماری۔ عادل کو فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔

قبل ازیں ہفتہ ہی کے روز بھارتی فوج نے حریت پسند کشمیری رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کو گرفتار کر لیا تھا۔ حریت قائدین بھارتی غاصبانہ قبضے اور انڈین فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں کے متعلق پریس کانفرنس کرنا چاہتے تھے۔

یاسین ملک کو گرفتاری کے بعد کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں