ضمیر کے سوداگروں کی ہار ہو گی، سینیٹر فیصل جاوید


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں فتح عمران خان اور انصاف کی ہوگی جبکہ ضمیر کے سوداگروں کی ہار ہوگی۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان،عمران خان، عوام اور شفافیت کی جیت ہوگی۔ ہمیشہ سے سینیٹ کے انتخابات میں پیسہ چلا ہے اور سینیٹ کے انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے عمران خان اکیلے کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف اوپن بیلٹ کے خلاف رہی ہے، عمران خان شفافیت اور حزب اختلاف دو نمبری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان نے سابقہ انتخابات میں 20 اراکین اسمبلی کو فارغ کر دیا تھا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا این آر او نہیں دوں گا۔ کشمیر کاز کو نقصان پہنچایا گیا اور ایف اے ٹی ایف کے قانون پر حزب اختلاف نے عمران خان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) 2020 میں بنائی گئی اور 2020 میں ہی ختم ہو گئی جبکہ حزب اختلاف کے استعفےٰ لطیفہ بن گئے۔ عوام اور ان کے پارلیمانی ارکین نے بھی حزب اختلاف کو مسترد کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جن کو آنکھ بند کر کے الیکشن جیتنا تھا وہ پریشان ہیں، بلاول بھٹو

فیصل جاوید نے کہا کہ حزب اختلاف نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کی اور عوام کی اخلاقیات تباہ کیں۔ سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے جو ویڈیوز آئی ہیں یہ ہمارے مؤقف کی تائید ہے۔ ہم نے مدینہ کی ریاست کی طرف سفر کو جاری رکھنا ہے اور یہی عمران خان کی کوشش ہے۔


متعلقہ خبریں