چیئرمین سینیٹ گیلانی ہونگے، وزیراعظم استعفیٰ دیں، بلاول


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات پر پاکستان کے عوام کو مبارک باد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت ہار چکی ہے اور پاکستان کے عوام جیت چکے ہیں اورت پارلیمان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تمام قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پی ڈی ایم کے لیے اسلام آباد کی جنرل نشست بہت اہم تھی۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ڈی ایم کوکامیابی حاصل ہوئی ہے۔ آج جمہوریت، پارلیمنٹ اور پی ڈی ایم کی فتح ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات: عمران خان کا ووٹ بھی مسترد ہوا ہے، نوید قمر

بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ عمران خان کا اپنی ہی اسمبلی سے ہارنا پی ڈی ایم کی فتح ہے۔ ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حکومت کوچیلنج کر کے ناکام کیا۔ یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس ظالم حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔ ناکامی پر وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ پاکستان کے جمہوری سفر کا ایک نیا دور شروع ہونے جارہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مستقبل روشن ہے۔ پی ڈی ایم میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں۔ کٹھ پتلی حکومت کےخلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ کامیابی اور ناکامی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہوتی ہے۔ پی ڈی ایم آئندہ کا لائحہ عمل مشاورت سے طے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ ہر ادارہ اپنے دائرہ اختیار میں کام کرے۔ چاہتے ہیں کہ جمہوریت فعال ہو اور معیشت چلے۔  پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی گزشتہ 3سال سے عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ کٹھ پتلی نظام کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ حکومت نہ مہنگائی میں کمی کررہی ہے اور نہ بے روزگاری میں۔ جانتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہوتی ہے لیکن پھر بھی الیکشنز میں حصہ لیتے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ صاف شفاف انتخابات ہوں۔ تحریک انصاف کو پہلے سے ہی پتہ تھا کہ ان کا امیدوار ناکام ہوگا۔


متعلقہ خبریں