پی ایس ایل سیزن 6 ملتوی کر دیا گیا


اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کورونا کیسز کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

پی ایس ایل سیزن 6 کے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز سامنے آ رہے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل سیزن 6 کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور فرنچائز مالکان کے ورچوئل اجلاس میں میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کورونا کے باعث غیر ملکی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل سیزن 6غیر معینہ مدت تک ملتوی کیا گیا۔ فیصلہ لیگ میں 7 کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا۔

وسیم خان نے کہا کہ تصدیق کرتا ہوں کہ پاکستان سپر لیگ کو نئی تاریخوں تک ملتوی کیا جاتاہے۔ ہماری ذمہ داری تھی کہ پلیئرز کی صحت کیلئے بہترین حفاظتی اقدامات کریں۔ کرکٹ شیڈول میں لیگ کیلئے وقت کا تعین کرنا ہوگا تو کرلیں گے، مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ  کھلاڑیوں کا کورونا میں مبتلا ہونا ہر کسی کیلئے تشویش کی بات تھی۔ یہ ایک مشکل دن ہے، یقین ہے کہ ایونٹ کے باقی میچز مکمل کرلیے جائیں گے۔
آج اجلاس میں اس بات پر سب متفق تھے کہ لیگ کو ملتوی کیا جائے۔ اولین ترجیح یہ ہے کہ پلیئرزکو صحتمند انداز میں گھربھجوائیں۔

وسیم خان نے کہا کہ  اعتماد متاثر ہوا، دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کیلئے ہمیں محنت کرنا ہوگی۔ اصل مسئلہ پلیئرز کی دستیابی ہوگا،اعتماد کو قائم کرنا ضروری ہے۔ فرنچائز نے بہت سارے پیسے لگائے اور ہر کسی کا وقت لگا ۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے کہا کہ کوئی بھی کام کامیاب اس وقت ہوتا ہے جب ہر کوئی ایک پیج پر ہو۔ سب کابہت نقصان ہوا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں چار روز کے دوران 7 کھلاڑیوں میں کورونا کے مثبت کیسز سامنے آئے تھے اور ان کھلاڑیوں کو قرنطینہ کر دیا گیا تھا۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہر تین روز بعد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کا فیصلہ کیا تھا جبکہ مزید کیسز سامنے آنے پر پی سی بی کی جانب سے لاہور کے میچز کو بھی کراچی منتقل کرنے کا آپشن زیرغور تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیل اسٹین نے حسن علی کا خواب پورا کر دیا

بائیو سیکیور ببل بریک ہونے کے بعد ایک سے دوسرے شہر میں میچز کے انعقاد سے وائرس پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا تھا۔

پی ایس ایل سیزن 6 کے تین کھلاڑیوں میں آج کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ 2 روز قبل بھی تین کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جنہیں 10 روز کے لیے قرنطینہ کر دیا گیا جبکہ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں