منافقت کی سیاست دفن کرنے کا وقت آ گیا، فردوس عاشق


اسلام آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ منافقت کی سیاست دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سینیٹ کی بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔ لین دین اور گٹھ جوڑ کر کے سیاست کا جنازہ نکالا گیا لیکن ضمیروں کی سودا گری اور ووٹوں کی خریداری کا حساب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے خواہشمندوں کو ناکامی کا سامنا ہوا اور گزشتہ روز جمہوریت کے نام پر جو کھلواڑ ہوا وہ سب نے دیکھا۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے نوٹ کو عزت دی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اعمال نے عمران خان کے نظرئیے کو تقویت دی اور سیاست کے نام پر کاروبار کرنے والوں نے اپنی کاریگری دکھا دی۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم سے معافی مانگنے کے بجائے عوام کو بے توقیر کیا تاہم منافقت کی سیاست دفن کرنے کا وقت آگیا ہے۔ پی ڈی ایم نے اخلاقی پستی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا ملک بھر میں انتخابات کا مطالبہ

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی فتح نوٹ سے جڑی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کا امیدوار مسترد ہوا لیکن ہم اپنی عملی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ پی ڈی ایم کا امیدوار وقتی طور پر جیتا ہے لیکن نظریہ عمران خان کا جیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کی ہدایت پر شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا اب الیکشن کمیشن ویڈیو کے حوالے سے فیصلہ کرے۔


متعلقہ خبریں