وزیراعظم کا عالمی سطح پر کورونا ویکسین کی مساویانہ فراہمی کا مطالبہ


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے بچاوَ کیلئے عالمی سطح پر ویکسین کی مساویانہ فراہمی ضروری ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردگان کی زیر صدارت اقتصادی تعاون تنظیم کے 14ویں ورچوئل سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے معاشی وسماجی مضمرات کا مکمل تخمینہ لگانا ابھی باقی ہے۔ زندگیاں بچانے کے ساتھ معیشت کی بحالی بھی ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں احساس پروگرام کے تحت عوام کو نقد رقوم فراہم کی گئیں اور کورونا بحران پر قابو پانے کیلئے  5 نکاتی پروگرام دیا تھا۔معاشی مشکلات کے باوجود ہماری حکومت نے غیر معمولی اقدامات کیے۔ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے اپنا ووٹ ضائع کیا، خود ضائع ہوگئے، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ امیر ملکوں نے کورونا وبا سے بچاوَ کیلئے وسائل کااستعمال کیا۔

عمران خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے پاکستان اور ترکی مل کر کاوشیں کررہے ہیں۔ دہشتگردی کو اسلام سے جوڑنا مسلمانوں کے ساتھ بڑی زیادتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن خطے کیلئے نہایت اہم ہے۔ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔ افغان امن عمل خطے کو پائیدار ترقی کی طرف لے جانے میں معاوَن ہوگا۔ سی پیک کے ذریعے افغانستان سمیت مشرق وسطیٰ تک رسائی اہمیت کی حامل ہے۔


متعلقہ خبریں