عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کب ہوگا ہم بتائیں گے، بلاول


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے ایم این ایز نے مسترد کردیا ہے، عمران خان کی طرف سے اعتماد کا ووٹ بھی ایک ڈرامہ ہے،عمران کےخلاف عدم اعتماد کب ہوگا ہم بتائیں گے۔

اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  بلاول بھٹو نے کہا کہ گزشتہ روز پورے پاکستان میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کا جشن منایا گیا۔ کل رات حکومتی وزرا ڈرامہ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا تھا اگر ہم سیٹ جیت گئے تو وہ اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ وزیراعظم عمران خان الیکشن سے ڈرتے ہیں۔ اب یہ کٹھ پتلی تماشہ اور ڈرامے بازی نہیں چلے گی۔ بہت دیر ہوچکی ہے اب اس حکومت کوئی نہیں بچا سکتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ اب سنجیدگی کے ساتھ فیصلے کرے گی۔ پہلے پنجاب کو بچائیں گے۔ ہرفورم پر حکومت کامقابلہ کریں گے، اب آ پ کو نہیں چھوڑیں گے۔ ہم اب آپ کو این آر او نہیں دیں گے۔

مزید پڑھیں: نظام کی تبدیلی کا مشن لے کر آیا ہوں، پیچھے نہیں ہٹوں گا، وزیراعظم

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ  ہم نے دنیا کو سینیٹ الیکشن میں بتا دیا کہ آپ مسترد ہوچکے ہیں. سینیٹ الیکشن کے بعد اخلاقی طور پر اپنا استعفیٰ جمع کرا دیتے۔ سینیٹ الیکشن میں ملنی والی حمایت سے زیادہ اراکین ہمارا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مل کر حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔ ہم فیصلہ کریں گے کب اور کہاں عدم اعتماد کرنا ہے۔ عمران خان پر عدم اعتماد کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ پی ڈی ایم میں اتفاق رائے سے جو بھی فیصلہ ہوگا عمل کریں گے۔ عدم اعتماد کیلئے کون سی حکمت عملی اپنانی ہے پی ڈی ایم فیصلہ کرےگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان پیسے لینے اور دینے والے ایم این ایز کو اپنی جماعت سے نکال دیں۔ ہم آپ کواین آراونہیں دیں گےکہیں نہیں بھاگ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کون اگلا الیکشن تیر اور شیر کے نشان سےلڑنا چاہتے ہیں۔ ہم آپ کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پیسے لینے والے ارکان کا پتہ ہے۔چیلنج کرتا ہوں ہمت ہے تو ان ارکان کو جماعت سے نکالو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جن کو سیاست کا پتہ ہے ان کو ہماری سیاست کا اندازہ ہے۔ ہم نے پیسوں کی بنیاد پر یہ الیکشن نہیں لڑا۔ ہم پچھلے سینیٹ الیکشن سے کافی کچھ سیکھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنائیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ انتخابا ت میں میرا 2 لاکھ سے بھی کم خرچہ ہوا۔ جن لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا وہ پی ٹی آئی میں اپنا مستقبل محفوظ نہیں سمجھتے۔ ایسے ہی لوگوں سے اعتماد کا ووٹ لیں گے تو کیا بات ہوگی۔


متعلقہ خبریں