بکنگھم پیلس جھوٹ بولنا بند کرے ورنہ خاموشی توڑ دیں گے، میگھن مارکل

میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے راز افشاں کر دیئے

 برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان ہمارے بارے میں جھوٹ بولنا بند کرے ورنہ وہ اور ان کے شوہر اپنی خاموشی توڑ دیں گے۔

امریکی ٹی وی ہوسٹ اوپرا ونفرے کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں میگھن نے کہا کہ بکنگھم پیلس ان کے بارے میں مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہا ہے اور اب ان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہا ہے۔

اوپرا ونفرے کے سوال پر کہ “آج شاہی خاندان ان سے سچ سنے تو اس پر وہ کیا کہیں گی”، جواب میں میگھن نے کہا کہ وہ اور ان کے شوہر پہلے ہی شاہی حیثیت سے دستبردار ہوچکے ہیں اور وہ بہت سے اعزازات سے محروم کردیے گئے ہیں۔ اب انہیں نہیں معلوم شاہی خاندان ان سے کیا توقع کرتا ہے، ہم ابھی بھی خاموش ہیں، لیکن یہ خاموشی زیادہ دیر نہیں رہ سکتی، اگر ان کے خلاف پروپیگینڈا بند نہیں کیا گیا تو۔۔۔۔

بی بی سی کے مطابق حال ہی میں شاہی خاندان سے منسوب ایک خبر میں کہا گیا تھا کہ میگھن نے برطانیہ میں قیام کے دوران شاہی دربار کے عملے کو دھمکیاں دیں اور ہراساں کیا اور بکنگھم پیلس اس کی تحقیقات کررہا ہے۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل معاشی خودمختاری کیلئے محنت کریں گے

برطانوی اخبار ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں برطانیہ میں کنسنگٹن پیلیس میں قیام کے دوران میگھن مارکل نے شاہی عملے کے دو افراد کو محل سے بےدخل کردیا تھا جبکہ تیسرے اسٹاف کے اعتماد کو ٹھیس پہنچایا تھا۔

ٹائمر میں چھپنے والی خبر پر رد عمل دیتے ہوئے پکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ وہ میگھن مارکل کی جانب سے شاہی عملے سے مبینہ ناروا سلوک کے بارے میں بہت زیادہ فکرمند ہے اور اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اوپرا ونفرے کے ساتھ میگھن کا مکمل انٹرویو امریکی ٹی وی سی بی سی پر ہفتے کے روز نشر کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے مارچ 2020 کو شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مالی طور پر خود مختار ہونے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن نے اس وقت اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ وہ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کی عزت و احترام کرتے رہیں گے۔ پرنس ہیری اور میگھن مارکل ان دنوں امریکی ریاست کلیفورنیا میں رہائش پزیر ہیں۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز