ترکی کا فوجی ہیلی کاپٹرتباہ،10 فوجی ہلاک


ترکی میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 10 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق حادثہ جنوب مشرقی ترکی میں کرد آبادی والے علاقے میں پیش آیا۔ حکام نے اسے حادثہ قرار دیا ہے اور ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کی حتمی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔

ہیلی کاپٹر فوجیوں کو لے کر بینگول سے تاتوان جارہا تھا جب اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

اس حوالے سے حکمران جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور ڈیفنس کمیٹی کے رکن تولگا اگار نے ٹوئٹ کی کہ حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل عثمان ارباز بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عثمان ارباز ترک فوج کی آٹھویں کور کے کمانڈر تھے۔

نیوز چینل الجزیرہ کے مطابق کم سے کم11 فوجی ہلاک ہوئے ہیں جن میں سے9 موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے اور دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔

اقوام متحدہ اور امریکہ نے اپنے نیٹو اتحادی ترکی کیساتھ اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترکی میں امریکی ایمبیسی نے بھی اظہار افسوس کا ٹویٹ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں