ہمارے 16 ارکان بکے، غلط ہوں تو بے شک میرا ساتھ نہ دیں، وزیراعظم

ہمارے 16 ارکان بکے، جن کی نظر میں غلط ہوں تو میرا ساتھ نہ دیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے 16 ارکان نے پیسے لے کر خود کو بیچا، ان ارکان کی نظرمیں غلط ہوں توبےشک میراساتھ نہ دیں۔

ذرائع کے مطابق  پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں ایک مقصد لے کر سیاست میں آیا ہوں، میں جمہوریت اور آزادی رائے پر یقین رکھتا ہو، آپ کو عوام نے منتخب کر کے ایوان میں بھیجا ہے، آپ ضمیر کی آواز پر فیصلہ کریں، پیسے لے کر ووٹ دینا بد دیانتی ہے۔

مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنا ثابت کرتا ہے کہ تم نے چوری کی، مریم نواز

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف اوراتحادی جماعتوں کے ارکان نے شرکت کی۔ وزیراعظم نےاعتماد کا ووٹ لینے کے فیصلہ پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا جس رکن کو مجھ  پر اعتماد نہیں وہ کھل کر اظہار کرے۔ اس پر پی ٹی آئی ارکان نے  وزیراعظم کےحق میں نعرے لگائے۔ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکان جذباتی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم صاحب حلقہ ہم سنبھالیں گے آپ اپنے مقصد پر ڈٹے رہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قوم سے براہ راست خطاب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ بیلٹ سے ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔ جب لیڈر شپ رشوت لے اور دے گی تو کیا تھانیدار اور پٹواری ٹھیک ہوجائے گا؟

وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ  الیکشن کمشنر نے سپریم کورٹ میں اوپن بیلٹ کی مخالفت کی۔ چیف الیکشن کمشنر کے سپریم کورٹ میں لیے گئے موقف سے جمہوریت کو نقصان پہنچا۔

عمران خان نے کہا کہ اگر اوپن بیلٹ ہوجاتی تو پی ٹی آئی کو تو اتنی ہی سیٹیں ملنی تھیں جتنی ملی ہیں۔ انہوں نے حفیظ شیخ کو ہرانے کیلئے پیسے بانٹے۔ سینیٹ الیکشن میں 2 کروڑ سے بولی لگ رہی تھی۔ صاف اور شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں کیوں جا کر کہا کہ خفیہ بیلٹ ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور پورا خاندان ملک سے چوری کر کے باہر بیٹھا ہوا ہے۔ کرپشن کے کیسز میں جیل سے باہر آنے والوں پر پھول پھینکے جاتے ہیں، کرپشن کیسے ختم ہوگی۔ معاشرے میں کرپٹ لوگوں کو ہار نہیں پہنائے جاتے۔


متعلقہ خبریں