عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی جمہوری اور جمہوریت کا تسلسل چاہتی ہے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ساتھ وہ قوتیں ہیں جنہوں نے اخلاقیات کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہمیشہ سیاست میں رشوت اور پیسے کا استعمال کیا اور پیسے کے زور پر سیاست میں آنے والوں نے ملک کو تباہ کر دیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ حزب اختلاف کے کرپشن کی داستانیں زبان زد عام ہیں اور انہوں نے سیاست کو کاروبار بنا دیا ہے۔ ہم ملک میں قانون اور آئین کی حکمرانی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینا مناسب سمجھا اور اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بڑی پارٹی بند کر ابھری ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چاروں صوبوں کی زنجیر پیپلز پارٹی ایک صوبے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے اور مسلم لیگ ن بھی ایک صوبے تک محدود ہو گئی ہے۔ سال 2008 کے انتخابات میں ہم نے بائیکاٹ کیا اور 2021 میں تحریک انصاف پارلیمان میں بڑی پارٹی بن کر ابھری۔

انہوں نے کہا کہ کل کے پریس کانفرنس میں ان کے چہرے دیکھنے والے تھے۔ یوسف رضا گیلانی سینیٹ انتخابات میں ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتا رہے تھے۔ ان کی سیاست پیسے اور دھونس کے ساتھ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت میں گالم گلوچ عام ہو گئی، سراج الحق

شبلی فراز نے کہا کہ یہ لوگ دوبارہ اقتدار میں آنا چاہتے ہیں تاکہ اپنا کاروبار دوبارہ کر سکیں لیکن عمران خان دباؤ میں آئے گا اور نہ ہی مرعوب ہو گا۔ عمران خان نے خود کہا کہ ہم عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو ہم نے نہیں چھوڑنا ہے۔ معیشت کو ہم نے نہ صرف مستحکم کر دیا ہے بلکہ معیشت اور تجارت سے جڑے مسائل بھی حل کر دیے ہیں۔ آنے والے دنوں میں معاشی بہتری کے اثرات سامنے آنا شروع ہوں گے۔ مہنگائی کے خلاف وزیر اعظم نے جہاد کا اعلان کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں