چودھری برادران کی یوسف رضا گیلانی کی حمایت سے معذرت


لاہور: چودھری برادران نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کرنے سے معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں بلاول بھٹو سے چودھری برادران نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال اورعام آدمی کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ بلاول بھٹو ہمارے گھر آئے ان کی عزت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحادی ہیں، ان کو تعاوَن کی یقین دہانی کرا چکے ہیں، سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے چودھری برادران سے چیئرمین سینیٹ کیلئے حمایت کے علاوہ  پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے بھی بات چیت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری برادران نے پنجاب سے متعلق معاملات کیلئے اگلی ملاقات تک کا وقت مانگ لیا ہے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ق لیگ پنجاب میں جمہوریت کی بالادستی کیلئے پی ڈی ایم کا ساتھ دے۔


متعلقہ خبریں