اسلام آباد اور کراچی میں دہشت گردی کاخدشہ



اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد اور کراچی میں دہشت گردی کےواقعات کاخدشہ ہے۔

پمز اسپتال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ٹی ٹی  پی  دوبارہ منظم  ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز دہشت گردی کے واقعات میں دو پولیس افسر شہید ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا راولپنڈی اور پشاور میں بھی خطرات ہیں۔ شیخ رشید نے نیکٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشتگرد حلال اور عدنان رشید کے کمانڈر متحرک ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا پولیس اور افواج پاکستان نے جان کا نذرانہ پیش کر کے امن قائم کیا ہے اوردہشت گرد ایک بار پھر شکست کھائیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل بھی پانچ دہشتگردوں کو مارا گیا ہے۔ اگر اللہ کو منظور ہوا تو ایک بار پھر امن قائم کریں گے۔ اسلام آباد میں تمام ناکے ختم کیے جائیں گے اور جدید سیکیورٹی سسٹم لایا جائے گا۔

خیال رہے گزشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اسلام آباد میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہو ئے تھے جن میں سے ایک اہلکارقاسم شہید ہوگیا جب کہ دو زخمیوں جمیل اور قیصر کا اسپتال میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔

موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ راولپنڈی میں بھی کچہری چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او شہید ہو گئے ہیں۔ شہید ایس ایچ او میاں عمران تھانہ ریس کورس میں فرائض منصبی انجام دے رہے تھے۔


متعلقہ خبریں