علی گیلانی ویڈیو اسکینڈل: یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن فوری روکنے کی استدعا مسترد 


ا لیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن فوری روکنے کی استدعا مسترد  کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست میں ترمیم کرنے کی ہدایت کردی۔

دوران سماعت علی حیدر گیلانی کی ویڈیو چلائی گئی۔ ممبر الیکشن کمیشن ابراہیم قریشی نے کہا کہ کہ ساری ویڈیوز میں کہیں بھی جیتنے والے امیدوار کا نام نہیں آرہا۔ جو لوگ ویڈیو میں نہیں انکے خلاف کیسے کارروائی کریں۔ ویڈیو میں یوسف رضا گیلانی یا ان کا نام کہیں نہیں ہے۔ اسی طرح کے کیس میں فیصلہ دے چکے ہیں،  رشوت دینے اور لینے والا دونوں مرتکب ہیں۔ پہلے پیسے لینے والوں کو لائیں معاملہ پھر آگے بڑھے گا۔

الیکشن کمیشن پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل کیس میں ان لوگوں کو بھی فریق بنایا جائے جنہوں نے پیسے وصول کیے۔

الیکشن کمیشن کے بینچ نے کہا کہ درخواست گزار پہلے ویڈیو کے دیگر کرداروں کو فریق بنائے، ہر شخص اپنے کئے کا جواب دے ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ہم آئین و قانون کے مطابق کیس پر فیصلہ دیں گے۔ جو کردار ویڈیو اور آڈیو میں ہیں انکے خلاف کارروائی ہوگی۔

پیسے لینے والے اب بھی اسمبلی میں عزت دار بن کر بیٹھے ہیں۔ جو پیسے لے کر مزے اڑا رہے ہیں پہلے انہیں تو لائیں۔ پہلے پیسے لینے والوں کو فریق بنائیں۔

الیکشن کمیشن ہدایت کیساتھ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست ایک دن کیلئے ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کیلئے دو درخواستیں دائر کی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق  پی ٹی آئی کے فرخ حبیب، کنول شوزب اور ملیکہ بخاری نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں دائر کی ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یہ معاملہ انتہائی اہم نوعیت کا ہے۔

کرپٹ پریکٹسز کے ذریعے جیتنے والا سینیٹر اب چیئرمین سینیٹ بننے کا خواہاں ہے، اس لیے پٹیشن کی 11 مارچ سے پہلے سماعت کی جائے۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل بھی پاکستان تحریک انصاف نے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے پی ٹی آئی کے امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دے دی تھی، یوسف گیلانی کو 169 ووٹ ملے، جب کہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے تھے۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی کیس سے متعلق جلد سماعت کی درخواست منظور کر لی تھی۔


متعلقہ خبریں