نومنتخب سینیٹرعبدالقادر تحریک انصاف میں شامل


اسلام آباد: بلوچستان سے نومنتخب سینیٹر عبدالقادر تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں۔

محمد عبدالقادرنے وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان تحریک انصاف کا پرچم ان کے گلے میں پہنایا۔ ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیف اللہ نیازی بھی شریک تھے۔

عبدالقادرتحریک انصاف اور بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت سے سینیٹر بنے۔

خیال رہے کہ ایوان بالا میں ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن12 مارچ کو ہوگا۔

حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے متحرک ہیں اور میل ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آج تمام ارکان سینیٹ کو آج عشائیہ پر مدعو کیا ہے۔ اپوزیشن اس عشائیہ کے بائیکاٹ پر غور کر رہی ہے۔

تین مارچ کو ہوئے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک نے پاس خیبر پختونخوا سے10، سندھ 2، اسلام آباد ایک اور پنجاب کی 5 سیٹوں پر انتخابات جیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مجموعی نئی نشستیں 18 ہیں۔

نئی 18 اور پرانی8 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس12، ایم کیو ایم3، مسلم لیگ ق1، جی ڈی اےکا ایک اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔ سینیٹ میں مجموعی طور پرحکومتی اتحادکے ارکان کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب20 سیٹوں کے ساتھ پیپلز پارٹی ایوان کی دوسری بڑی پارٹی ہے۔ مسلم لیگ کے پاس18 سیٹیں، جمعیت علمائےاسلام5، عوامی نیشنل پارٹی4، بلوچستان نیشنل پارٹی( مینگل)2، پشتونخوا میپ کے 2، نیشنل پارٹی کے 2 اور 2 آزاد ارکان اپوزیشن کے ساتھ ہیں۔


متعلقہ خبریں