حکومت کی جے یو آئی ف کو بڑی پیشکش


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت نے جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی سیٹ کی پیشکش کر دی۔

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے مولانا عبدالغفور حیدری کو آفر کی ہے کہ وہ ہمارے ڈپٹی چیرمین سینٹ بن جائیں۔

صحافی نے مولانا عبدالغفور حیدری سے سوال کیا کہ کیا آپ کو ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لئے نامزد کیا گیا جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے ابھی تک پی ڈی ایم کی جانب سے باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ صادق سنجرانی ہمارے چیرمین ہیں، ان سے ملاقات ہوتی رہتی ہیں، میں یہ کہہ نہیں سکتا کہ 12 مارچ کے بعد چیرمین سینٹ کون ہو گا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے پی ڈی ایم کا امیدوار جے یو آئی ف سے ہوگا

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے آج خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا امیدوار جے یو آئی ف سے ہوگا۔

پی ڈی ایم کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوا۔ ذرائع کے مطابق سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرمسلم لیگ ن سے ہوگا۔

کمیٹی کے فیصلے سے پی ڈی ایم کے سربراہ کوآگاہ کیا جائے گا۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان حتمی اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ ایوان بالا میں ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے الیکشن12 مارچ کو ہو گا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین کیلئے یوسف رضا گیلانی کا انتخاب کیا ہے۔

ڈپٹی اور چیئرمین سینیٹ کیلئے12مارچ کو میدان سجے گا

حکومت نے چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو میدان میں اتارا ہے جب کہ ڈپٹی چیئرمین کے نام پر ابھی مشاورت جاری ہے۔

حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے متحرک ہیں اور میل ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تین مارچ کو ہوئے سینیٹ انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک نے پاس خیبر پختونخوا سے10، سندھ 2، اسلام آباد ایک اور پنجاب کی 5 سیٹوں پر انتخابات جیتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی مجموعی نئی نشستیں 18 ہیں۔

نئی 18 اور پرانی8 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف 26 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس12، ایم کیو ایم3، مسلم لیگ ق1، جی ڈی اےکا ایک اور 4 آزاد ارکان شامل ہیں۔ سینیٹ میں مجموعی طور پرحکومتی اتحادکے ارکان کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔


متعلقہ خبریں