یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست مسترد


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی رہنما یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن روکنے کی پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی۔

الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی نااہلی اور علی حیدر گیلانی ویڈیو اسکینڈل پر سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن نے علی حیدر گیلانی ویڈیو اور یوسف رضا گیلانی کی نااہلی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 22 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کو طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن میں درخواست گزار عالیہ حمزہ کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ ٹربیونل میں کئی کئی سال کیسز چلتے ہیں لیکن فیصلہ نہیں ہوتا۔ مریم نواز اور امیدوار کے بیٹے کا اعترافی بیان قوم نے سنا ہے۔

الطاف ابراہیم قریشی نے ریمارکس دیے کہ خفیہ رائے دہی انتخابات کا حسن ہے اور ووٹر کی مرضی جیسے چاہے ووٹ دے۔ 2018 میں ویڈیو اسکینڈل آیا تھا جس میں بتایا گیا پیسہ چلا ہے اور الیکشن کمیشن نے از خود نوٹس لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں ویڈیو لوگوں کے پاس تھی لیکن سامنے اب آئی۔ برائی کو جڑ سے ختم کریں پیسہ لینے والوں کا بتائیں، ہم چاہتے ہیں الیکشن میں پیسے کا استعمال ختم ہو۔

الطاف حسین قریشی نے کہا کہ اپ لوگ تمام کرداروں کو سامنے لائیں۔ حالیہ الیکشن ویڈیوز میں صرف باتیں ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین کے وکیل نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت نہیں تھی۔

پی ٹی آئی نے ویڈیوز میں موجود اراکین کے بیان حلفی جمع کرائے تو الطاف ابراہیم قریشی نے بیان حلفی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بیان حلفی کے ساتھ شناختی کارڈز نہیں ہیں اور بیان حلفی پر اوتھ کمشنر کی مہر بھی نہیں ہے۔

رکن الیکشن کمیشن سندھ نے کہا کہ ویڈیو اسٹنگ آپریشن لگتا ہے۔

الطاف حسین قریشی نے کہا کہ ایوان کے اراکین غلط شخص سے کیوں ملے اور منع کیوں نہیں کیا ؟ ویڈیو میں دونوں اطراف سے باتیں اور دلچسپی دکھائی دے رہی ہے۔ آپ لوگ انہیں سامنے لائیں تاکہ کرپشن پریکٹس کا خاتمہ ہو۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ رشوت کی آفر دینے والا علی حیدر گیلانی رکن پنجاب اسمبلی ہے اور اراکین ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں۔

ارشاد قیصر نے ریمارکس دیے کہ ان ویڈیوز کو بطور مستند ثبوت نہیں لے سکتے۔ جو لوگ ویڈیو بنا رہے ہیں انہیں بلائیں۔ رشوت دینے اور لینے والا دونوں جہنم میں جائیں گے اور اللہ پاک سب کو رشوت جیسی لعنت سے دور رکھے۔

یوسف یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر نامزدگی کا نوٹیفکیشن رکوانے کے لیے حکومتی اراکین نے الیکشن کمیشن میں نئی درخواست جمع کروا دی۔

درخواست حکومتی رہنما فرخ حبیب، ملائکہ بخاری، کنول شوزب اور بیرسٹر علی ظفر کی جانب سے جمع کروائی گئی ہے اور یہ نئی درخواست الیکشن کمیشن کے بتائے گئے تقاضوں کے مطابق جمع کروائی گئی ہے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن سے یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کی بات کرتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو شفاف انتخابات کرانے کا کہا ہے اور الیکشن کمیشن چیئرمین سینیٹ انتخابات سے قبل ہمارا فیصلہ کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کر دی۔ درخواست پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو بطور رکن صوبائی اسمبلی نااہل کرنے کی درخواست بھی مسترد کر دی۔


متعلقہ خبریں