پارلیمان کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، شاہد خاقان 


سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمان کومفلوج کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کا ٹرائل چل رہا تھا، اسے حراست میں لے کر جیل میں ڈال دیا گیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس کے خلاف کام کررہے ہیں وہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہے، شہباز شریف کو جیل میں ڈال کرسچ کی آواز دبانےکی کوشش کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب، اینٹی کرپشن اور عدالتیں خاموش ہیں، عمران خان جواب دیں سینیٹر بننے والے سے 70 کروڑ روپے کس نے لیے؟

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو صرف دو کام آتے ہیں، تقریر کروالیں یا چندہ اکٹھا کروالیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے احتساب عدالت میں نارروال اسپورٹس سٹی ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھونڈے ریفرنسز تو ترقی کے ہر منصوبے پر لگیں گے۔ یہ مکمل اناڑی ہیں اور انھوں نے ملک کو دوبارہ اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سفارتکاری تباہ ہو چکی ہے اور اب ہمیں یہ معلوم ہی نہیں کہ ہم چین کے ہیں یا امریکہ کے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو صرف دو کام آتے ہیں۔ ان سے تقریر کروا لیں یا چندہ اکٹھا کروا لیں۔


متعلقہ خبریں