اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث خشکی میں کمی واقع ہوئی ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر برفباری اور ژالہ باری متوقع ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بالائی خیبر پختو نخوا اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا ۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے مالم جبہ میں 9 ملی میٹر، پاک پٹن میں 8 ملی میٹر، کالام میں 7 ملی میٹر، چترال میں  6 ملی میٹر، پاراچنار میں 5 ملی میٹر، سیدو شریف میں 4 ملی میٹر، میر کھانی میں 3 ملی میٹر، دروش اور دیر میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا

کشمیر کے علاقے گڑھی دوپٹہ میں ایک ملی میٹر اور اسلام آباد میں بھی ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض مقامات پر بارشوں کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں