اتحادیوں کے تحفظات جلد دور کر دیے جائیں گے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادیوں کے تحفظات جلد دور کر دیے جائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے نام پر بھی مشاورت ہوئی جبکہ اتحادیوں نے فیصلے کا اختیار وزیر اعظم عمران خان کو دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پہلے اور آئندہ بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی اراکین حکومت کا اہم حصہ ہیں اور آپ کا مشکور ہوں کہ آپ نے ہر موقع پر ہمارا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں کے تحفظات سے بخوبی آگاہ ہوں اور ان کے تحفظات بہت جلد دور کر دیے جائیں گے۔ کل کا انتخاب انتہائی اہم مرحلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اخلاقی گراوٹ اور بدعنوانی نے ریاستوں کو تباہ کر دیا، وزیر اعظم

وزیر اعظم نے سینیٹ اراکین کو ہدایت کی کہ کل تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں اور حکومتی امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے موزوں شخص کو نامزد کروں گا۔

ذرائع کے مطابق ظہرانے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مرزا آفریدی کا نام سرفہرست ہونے کی چہ مگوئیاں رہیں تاہم حتمی نام کا فیصلہ آج کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں