اسرائیلی وزیراعظم کا دورہ یو اے ای ایک مرتبہ پھر ملتوی


تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا دورہ متحدہ عرب امارات ایک مرتبہ پھر ملتوی کردیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ یواے ای کو ملتوی کرنے کی وجہ اردن کی فضائی حدود استعمال کرنے سے متعلق تنازع بتایا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے دورہ بحرین ملتوی کردیا

خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم کا آج متحدہ عرب امارات کا دورہ متوقع تھا لیکن اردن کی فضائی حدود میں ان کی پرواز کی کوآرڈی نیشن میں مسائل کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق فضائی حدود کے استعمال سے متعلق اختلاف کی وجہ بظاہر اسرائیل کی طرف سے اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین کے مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے دورے کے منصوبے کو منسوخ کرنا بنی ہے۔

ولی عہد شہزادہ حسین کا دورہ مسجد اقصیٰ سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات کے تنازع کے باعث منسوخ کیا گیا تھا۔

مسجد اقصیٰ: بنیاد پرست یہودی زبردستی داخل، اردنی افسران برہم

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن نے نیتن یاہو کے طیارے کو فضائی حدود سے اڑان بھرنے کی اجازت دے دی تھی لیکن کلیئرنس ملنے میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے دونوں رہنماؤں نے آئندہ پھر کسی وقت ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو متحدہ عرب امارات کے پہلے سرکاری دورے میں متحدہ عرب امارات کے رہنما شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی ایئرپورٹ پر ملاقات کریں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ متحدہ عرب امارات منسوخ

اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے اس سے قبل بھی دورہ متحدہ عرب امارات کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پھر عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے وہ منسوخ کردیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں