سینیٹ ہال سے خفیہ کیمرا اور ڈیوائس برآمد، تفتیشی کمیٹی بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیلئے ووٹنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل ہال سے خفیہ کیمرے اور ایک ڈیوائس بر آمد ہوئی ہے۔

سیکریٹری سینیٹ قاسم صمد خان نے کیمروں کے معاملہ پر کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمروں کے معاملہ پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ کیمروں کے معاملہ کی مکمل شفاف انکوائری ہوگی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق صادق سنجرانی رات بھر سیکریٹریٹ میں رہے۔ صادق سنجرانی صبح ساڑھے 5بجے سینیٹ سیکریٹریٹ سے واپس گئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھر اور ن لیگی رہنما مصدق ملک نے پولنگ بوتھ کے اوپر سے کیمرااتارا۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے خفیہ کیمرے کی تصویر سوشل میڈیاپرشیئر کی۔ شازی مری نے بھی کہا کہ سینیٹ ہال سے کیمرا برآمد ہوا ہے۔

انہوں نے کہا سیکرٹری سینیٹ نے کیوں ایسے وقت پر دروازے کھولنے کی اجازت دی۔ منظم کارروائی کے تحت الیکشن چوری کا پلان کیا گیا۔

مشاورت کے بعد فیصلہ لیں گے کہ معاملہ پولیس کے حوالے کیا جائے یا سینیٹرز کی کمیٹی بنائی جائے مصطفی نواز کھوکھر

شازیہ مری نے کہا جہاں ووٹ کاسٹ کیا جانا تھا وہاں سے کیمرا برآمد ہوا ہے اور ہم  پی ڈی ایم ارکان کو کیمرا برآمدگی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ ہال میں ووٹنگ کی جگہ پر کیمرا نصب کیا گیا تھا۔

ن لیگی رہنمامصدق ملک نے پولنگ بوتھ میں لگی خفیہ ڈیوائس کی تصویر شیئر کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پولنگ بوتھ میں ایک اور چھپی ہوئی ڈیوائس ملی ہے۔

سینیٹر رضا ربانی نے اجلاس شروع ہونے پر کہا کہ کیمرا لگانا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا یہ آئین کی خلاف ورزی ہے کہ انتخابات کے لیے ایوان میں کیمرے لگائے گئے ہیں۔

پریذائیڈنگ افسر مظفر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ پورے ہال کو دوبارہ چیک کر کے پولنگ بوتھ نیا بنایا جائے۔


متعلقہ خبریں