چیئرمین سینیٹ کا انتخاب: پی ٹی آئی کا سینیٹرز سے قرآن پر حلف؟ 

چیئرمین سینیٹ کا انتخاب: پی ٹی آئی کا سینیٹرز سے قرآن پر حلف؟ 

فوٹو: فائل


چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ (ایوان بالا) کون ہوگا؟ دونوں کا تعلق حکومت سے ہوگا؟ یا وہ اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے ہوں گے؟ فیصلہ آج ہوگا۔

چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نومنتخب سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ گزشتہ رات کچھ اراکین نے قران پاک پر حلف لیا کچھ نے نہیں لیا۔

اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ جنہوں نے قران پاک پر حلف نہیں لیا وہ ہمیں ووٹ دیں گے، جو ووٹ نہیں دیں گے اللہ ان سے پوچھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ ہال سے خفیہ کیمرہ اور ڈیوائس برآمد

انہوں نے مزید کہا کہ سب نے قران نہیں اٹھایا ، جس کی دلچسپی تھی انہوں نے اٹھا لیا۔

پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی کا پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بابت کہنا تھا کہ جیت ہماری ہوگی، قران پاک پر حلف لینے والی بات کو چھوڑ دیں۔

چیئرمین سینیٹ کے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ بس جی اللہ خیر کرے گا۔ ہم نے کوئی حلف نہیں لیا۔سارے ساتھی اکٹھے اور مضبوط ہیں، عہد کر چکے ہیں کہ الیکشن لڑنا ہے۔

دوسری جانب ایوان بالا یعنی سینیٹ کے 48 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا ہے۔

تحریک انصاف کے شبلی فراز، فیصل واوڈا، ثانیہ نشتر، لیاقت ترکئی، سیف اللہ ابڑو حلف اٹھائیں گے جبکہ پیپلزپارٹی کے سلیم مانڈوی والا، فاروق ایچ نائیک، شیری رحمان اور پلوشہ خان بھی آج حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔ 

مسلم لیگ ن کی سعدیہ عباسی اور اعظم نذیر تارڑ آج حلف اٹھائیں گے جبکہ ایم کیوایم کے فیصل سبزواری بھی آج حلف اٹھایا۔

سینیٹ کا اجلاس شام میں دوبارہ ہو گا جس میں ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو منتخب کیا جائے گا۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ کے قیام سے اب تک بننے والے چیئرمین

مظفر شاہ نو منتخب اراکین سینیٹ سے حلف لیں گے اور چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرائیں گے جس کے بعد نو منتخب چیئرمین ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے اور پھر ڈپٹی چیئرمین سے حلف بھی لیں گے۔

پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے مولانا عبدالغفور حیدری کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں