وزیراعظم کی صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کو مبارکباد


وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ 

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی نشست بلوچستان اورسابقہ فاٹا کو ملی ہے۔ 

وزیر اعظم نے تحریر کیا کہ دونوں افراد کاانتخاب بلوچستان اور سابقہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کی پالیسی کا عکاس ہے۔ ماضی میں بلوچستان اور سابقہ فاٹا پسماندہ یا پیچھے رہ گئے تھے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد افریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے تھے۔

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے دونوں امیدواروں سید یوسف رضا گیلانی اور مولانا غفور حیدری کو شکست ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن چوری کیا گیا، سنجرانی کی جیت عارضی ہے: یوسف رضا گیلانی

صادق سنجرانی دوسری مرتبہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہوئے اور انہوں نے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ صادق سنجرانی نے 48 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے امیدوار مولانا غفور حیدری اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار مرزا افریدی کے درمیان مقابلہ ہوا۔

حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی  54 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔ مرزا افریدی کے مد مقابل پی ڈی ایم کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری کو 44 ووٹ ملے۔


متعلقہ خبریں