مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر


لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ 15 مارچ کو سماعت کرے گا۔ جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ 15 مارچ کو سماعت کرے گا۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کی درخواست ضمانت خارج کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

نیب لاہور نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست میں مؤقف اپنایا کہ مریم نواز لاہور ہائی کورٹ سے چوہدری شوگر ملز کیس میں ضمانت پر رہا ہیں لیکن وہ اپنی ضمانت کا ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز کو طلب کیا جاتا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوتیں۔ مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز سمیت دیگر کیسز میں تحقیقات جاری ہیں۔

نیب نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت مریم نواز کی چوہدری شوگر مل کیس میں ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دے۔

چند روز قبل نیب نے اثاثہ جات انکوائری میں مریم نواز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات انکوائری میں اہم پیش رفت ہوئی۔ نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز کے کیپٹن (ر) صفدر کے بے نامی دار ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ مریم نواز کے نام پر کیپٹن (ر) صفدر نے سندر میں 109 ایکٹر اراضی خرید رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سند یافتہ ووٹ چور ہر بار نیا طریقہ ڈھونڈ لاتا ہے، مریم نواز

دستاویزات کے مطابق موضع مال میں زمین مریم نواز کے نام سے خرید رکھی ہے۔ موضع بدوکی میں 62 کنال 2 مرلے کی زمین بھی مریم نواز کے نام پر خریدی گئی۔

نیب دستاویزات کے مطابق 14کنال ایک مرلے کی زمین رائیونڈ روڈ پر مریم نواز کے نام سے بنا رکھی ہے۔ مریم نواز تحصیل رائیونڈ میں 200 ایکٹر کی اراضی کی بے نامی دار ہیں۔


متعلقہ خبریں