حزب اختلاف شوق سے لانگ مارچ کرے، شبلی فراز



اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ حزب اختلاف شوق سے لانگ مارچ کریں اب استحکام آ چکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نظر اندازکیے گئے علاقوں کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں جبکہ سینیٹ میں کامیاب ہونے والے ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی کا تعلق فاٹا اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بلوچستان کے لیے تاریخی پیکج دیا ہے جبکہ وزیر اعظم نے فاٹا کو 100 ارب سالانہ کا بجٹ بھی دیا۔ فاٹا کا انضمام کرانا آسان کام نہیں تھا یہ بھی ہمارے وزیر اعظم نے کیا۔ عمران خان کی دیرینہ خواہش تھی کہ ماضی میں نظراندازعلاقوں کے لیے کچھ کیا جائے۔

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف نے لندن اور پورے پاکستان میں جائیدادیں بنائی ہیں۔ نوازشریف، آصف علی زرداری اور دیگر 30 سال سے حکومت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے اصلاحات نہیں لا پا رہے تھے اور رکاوٹیں تھیں۔ ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا، ادارے مفلوج تھے۔ گزشتہ حکومتوں میں عوام کو مصنوعی جھلک دکھائی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہیں ہوا۔ اب ہم سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اکثریت میں آگئے ہیں اور اب عوام کے لیے ریفارم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان، نواز شریف اور آصف زرداری میں ٹیلیفونک رابطہ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان لوگوں نے ذاتی مقاصد کے لیے اداروں کو استعمال کیا۔ نواز شریف سیاست میں آئے تو ایک فیکٹری تھی اور پھر 29 فیکٹریاں بن گئیں۔ عوام کو خوشحالی نہیں ملی لیکن ان کے اثاثوں میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیشہ کہا انتخابات میں اوپن ووٹنگ ہونی چاہیے کیونکہ ملک میں سیاسی استحکام نہ ہو تو اس کا نقصان ملک اور عوام کو ہوتا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کے آنے کے بعد ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور معیشت بہتر ہو رہی ہے تاہم منہگائی کا چیلنج ہے لیکن وزیر اعظم نے منہگائی پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ اب استحکام آچکا ہے اور حزب اختلاف شوق سے لانگ مارچ کریں کیونکہ لانگ مارچ میں بھی حزب اختلاف کو ناکامی ہو گی ان کوعوام نے مسترد کر دیا ہے۔


متعلقہ خبریں