ملک بھر میں کورونا کی تیسری لہر سنگین ہوتی جارہی ہے، این سی او سی

فائل فوٹو


نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کورونا کیسز  بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبا کی تیسری لہر سنگین ہوتی جارہی ہے۔

اسدعمرکی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافے کی شرح 5 سے 6 فیصد ہوچکی، جس پر این سی اور سی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

این سی اوسی نے ملک کے بڑے شہروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا: راولپنڈی کے 4 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

این سی او سی نے کہا ہے کہ  پنجاب میں کورونا کے بڑھتے کیسز باعث تشویش ہیں۔ اسلام آباد اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں کورونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آرہے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کےعلاقوں میں بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مختلف ممالک کے سفر پر مزید پابندیوں پرغور کیا گیا۔ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

این سی او سی کے مطابق  کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 46 اموات اور 2 ہزار 338 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 476 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 2 ہزار 536 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 19 ہزار 764 ہے۔ 5 لاکھ 69 ہزار 296 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  کورونا: لاہور کے مزید 16 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 5 ہزار 732 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار 453، خیبر پختونخوا 2 ہزار 147، اسلام آباد میں 522، گلگت بلتستان میں 103، بلوچستان میں 202 اور آزاد کشمیر میں 317 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 47 ہزار 365، خیبر پختونخوا 75 ہزار 357، سندھ 2 لاکھ 60 ہزار 959،  پنجاب میں ایک لاکھ 83 ہزار 815، بلوچستان 19 ہزار 188، آزاد کشمیر 10 ہزار 892 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 960 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں