پیپلز پارٹی صادق سنجرانی کی کامیابی کو چیلنج کرے گی، بلاول بھٹو

حکومت معاشی محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکی ہے، بلاول بھٹو

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پیپلز پارٹی نے صادق سنجرانی کی کامیابی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ جس میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان سمیت دیگر اجلاس میں شریک ہوئے۔ مشاورتی اجلاس میں آئینی اور قانونی جنگ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے صادق سنجرانی کی کامیابی کے فیصلے کو مسترد کر دیا اور سینیٹ انتخابات پر آئینی اور قانونی جنگ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے سینیٹ انتخابات میں ہر حربہ استعمال کر کے دکھایا، کیمرے لگانا اور ووٹ چوری کرنے کی کوشش ان حربوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی جانب سے جان بوجھ کر غلط مہر لگانے کا تاثر غلط ہے اور کسی سینیٹر نے غلط مہر نہیں لگائی۔ مجھے اپوزیشن کے تمام سینیٹرز پر مکمل اعتماد ہے۔ اس طرح کے تاثر سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت اور اپوزیشن بھنگڑے ڈالنے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دے ، چودھری شجاعت

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پریزائیڈنگ افسر کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے جبکہ پارلیمنٹ سے استعفے دینے یا نہ دینے کا معاملہ اہم ہے اور یہ فیصلہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر مشاورت سے ہو گا۔


متعلقہ خبریں