پیپلزپارٹی کے جواب میں ہماری خواتین ہی کافی تھیں، فاروق ستار


کراچی: ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے جلسے کے جواب میں ہماری خواتین ہی کافی تھیں۔

لیاقت آباد ٹینکی گراؤنڈ میں ہونے والے ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں کے مشترکہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مائنس سربراہ نہیں بلکہ مائنس ایم کیو ایم کے لیے دھاندلی ہورہی ہے۔ جانے والوں کو غدار نہیں کہوں گا۔ جتنے بھی لوگ گئے اُس سے زیادہ واپس آئیں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے پیپلزپارٹی کو پپو، پاپا اور پھپھو کا خطاب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اپنی ماں، بیوی اور بھابھی کے قاتلوں کو تو گرفتار کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ راؤ انوار کی پیٹھ تھپتھپانے والے تیار رہیں کیونکہ اس کا چالان عدالت میں پیش ہونے والا ہے۔ جلد معلوم ہوجائے گا کہ کون کس کے کہنے پر ماورائے عدالت قتل کرتا رہا۔ عزیربلوچ کے بیانات بھی سامنے آ جائیں گے۔

فاروق ستار نے پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ کی عوام ظلم کی چکی میں پس رہی ہے۔  بتایا جائے لاڑکانہ کو کتنی ترقی دی ہے ؟

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی تاریخ ہماری قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ میرے ساتھیوں نے پیپلز پارٹی والوں کو کرارا جواب دیدیا ہے۔ اصل پارٹی کارکنان کی ہے رابطہ کمیٹی کی نہیں۔ ہمارے جلسے میں اتنا کرنٹ ہے کہ ملک کی لوڈشیڈنگ ختم کر سکتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پارٹی میں اب کوئی رہنما نہیں بلکہ سب کارکن ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان سے انصاف مانگتے ہیں۔ ہم حلقہ بندیوں اور مردم شماری کا مقدمہ آپ کے پاس لائیں گے۔


متعلقہ خبریں