وفاقی وزیر اطلاعات نے حزب اختلاف کو لاوارث قرار دے دیا


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے حزب اختلاف کو لاوارث قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف ہماری حکمت عملی انتہائی کامیاب رہی ہے اور حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے باعث معیشت دوبارہ چل پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ویکسینیشن کی پہلی فیز ابھی جاری ہے جبکہ پاکستان میں ایک بار پھر کیسز بڑھ رہے ہیں اس لیے وبا کے تدارک کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد ضروری ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کو پنجاب کی طرح منظم طریقے سے آگے بڑھایا جائے اور جان سے پیاری کوئی چیز نہیں ہے اس لیے عوام لازمی طور پر ماسک پہنیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کو ہزیمت اٹھانی پڑی اور اتنخاب ہارنے پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) غیر یقینی کی فضا بنانا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کا پہلا فیز مکمل طور پر ناکام ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کی پیٹھ پر چھرا گھونپا، فردوس عاشق

شبلی فراز نے حزب اختلاف کو لاوارث قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ سے انہیں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا اور معیشت کا پہیہ چلنے کو حزب اختلاف اپنی موت سمجھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا آپس میں کوئی جوڑ نہیں بنتا جبکہ سینیٹ انتخاب سے ثابت ہوا ن لیگ نے پیپلز پارٹی کے پیٹھ پر چھرا گھونپا۔ پیپلز پارٹی ارکان نے مولانا عبدالغفور حیدری کو ووٹ نہیں دیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے اور اگر انتخاب اوپن ہوتا تو ہمیں کوئی مشکلات پیش نہ آتیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابات میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے اور ہم کسی کو غدار کا سرٹیفکیٹ نہیں دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف کی اپنی کوئی سوچ نہیں ہے بلکہ وہ شطرنج کا ایک مہرہ ہے۔ مریم نواز کو لندن جانے نہیں دیں گے، پہلے ابو بچاؤ مہم تھی اب مجھے لندن جانے دو ہے۔


متعلقہ خبریں