اپوزیشن والے ایک دوسرے کو ماریں گے اور ہم تماشہ دیکھیں گے، پرویز خٹک


وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے ایک دوسرے کو ماریں گے اور ہم تماشہ دیکھیں گے۔

نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے ڈرامے باز لوگ ہیں اور ہر روز نیا ڈرامہ کرتے ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں بھی انہوں نے اپنے لوگ بھرتی کئے ہوئے ہیں، یہ وہاں کیمرے لائے اور لگائے، ہمارا اس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ڈرامے اسی طرح بے نقاب ہوتے رہیں گے اور یہ لوگ قوم کے سامنے شرمندہ ہوتے رہیں گے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم نے پھر مولانا فضل الرحمان سے بھی ہاتھ کیا، سب نے ایک دوسرے سے بدلے لئے اور یہ آئندہ بھی ایک دوسرے سے اسی طرح بدلے لیتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اب عقل آ جانی چاہیے اور سینیٹ انتخابات کے بعد انہیں پی ڈی ایم کے عزائم معلوم ہو جانے چاہییں۔

پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک سے وزارت واپس لے لی گئی

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جھوٹ کا پلندہ ہے، ان کا کام ہے جھوٹ بولنا، وعدہ کچھ کرتے ہیں اور کرتے کچھ ہیں، مجھے ان کے کھیل سے بڑا مزہ آیا ہے اور آگے بھی ان کا کھیل اسی طرح جاری رہے گا، یہ لوگ ایک دوسرے کو مار کر بغض نکالیں گے اور ہم تماشا دیکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہپی ڈی ایم نے مولانا فضل الرحمان کو فارغ کر دیا ہے، مولانا جب دھرنے کیلئے آئیں گے تو یہ لوگ آدھے راستے میں ان کا ساتھ چھوڑ دیں گے جسطرح انہوں نے ماضی میں مولانا فضل الرحمان کو دغہ دیا تھا۔

پی ڈی ایم کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہے ان کو سمجھ ہی نہیں آتی کیا کریں، پہلے بھی یہ لوگ ناکام ہوئے ہیں آئندہ بھی جو کچھ ہو گا وہ پوری قوم دیکھے گی۔

 


متعلقہ خبریں