پاکستان اسلاموفوبیا کیخلاف او آئی سی کے ساتھ کھڑا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

یورپی پارلیمنٹ میں توہین رسالتﷺ قوانین سے متعلق قرارداد پر مایوسی ہوئی، پاکستان

فائل: فوٹو


اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے آج اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی پھر بھرپور حمایت کی ہے اور وزیر اعظم نے اسلامو فوبیا کے خلاف بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد او آئی سی کے 47ویں وزارتی اجلاس نیامے میں منظور ہوئی اور او آئی سی کی جدوجہد اربوں مسلمانوں کے جذبات کی عکاس ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کے لیے او آئی سی کے ساتھ کھڑا ہے جبکہ او آئی سی گروپ کی اسلامو فوبیا کے خلاف بدھ کو نیویارک میں تقریب ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں نوجوانوں کو قرض فراہمی کا آغاز

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے باعث دنیا بھر میں مسلم اقلیتیں شدید متاثر ہو رہی ہیں جبکہ پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر ثقافتوں اور تہذیبوں میں بہتر تعلق کے لیے کوشاں رہا ہے۔ ہم عالمی برادری کو ہم آہنگی اور تعاون کا پیغام دینا چاہتے ہیں اور ہم پرامن بقائے باہمی، بین المذاہب اور ثقافتی ہم آہنگی کے لیے پرعزم ہیں۔


متعلقہ خبریں