ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار


اسلام آباد:لاہور کے مختلف علاقوں میں رات بھر ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

زندہ دلان لاہور ساندہ، چوبرجی، قرطبہ چوک اور دیگر علاقوں میں ہونے والی بونداباندی سے بھی لطف اندوز ہورہے ہیں۔

سانگلہ ہل اور اس کے گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش و بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔

خوشگوار موسم کو انجوائے کرنے کے لئے کافی،چائے اور قہوہ کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے۔بارش اور بونداباندی کے باعث چھتریاں اور رین کوٹ فروخت کرنے والوں کا کاروبار بھی چمک اٹھا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد سمیت راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سرگودھا ڈویژنوں میں بارش و بوندابندی کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواوَں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، فیصل آباد اور ساہیوال میں بھی بعض مقامات پر آندھی و بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے ہیں۔

شہر قائد کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے طبی ماہرین نے ہیٹ اسٹروک کے خدشات ظاہر کیے۔

حکومت سندھ نے کراچی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے خصوصی یونٹس قائم کیے اور فلاحی و رفاہی اداروں نے ٹھنڈے مشروبات و پانی کی سبیلیں بھی لگائی ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اہلیان کراچی کے لیے اب گرمی کا زور ٹوٹنے کی نوید سنائی ہے اور شہر کے درجہ حرارت میں کمی کا عندیہ بھی دیا ہے۔


متعلقہ خبریں