الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار



اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کیخلاف پیپلزپارٹی کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا ہے۔

ممبر خیبرپختونخوا ارشاد قیصر کی سر براہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نے آرٹیکل 181 کی خلاف ورزی کی۔

پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات سے قبل خواتین اراکین اسمبلی کو فنڈز دینے کے معاملے پر درخواست دائر کر رکھی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نیئرحسین بخاری نے مؤقف اپنایا کہ حکومت کا ارکان کو فنڈز دینے کا اعلان رشوت دینے کے زمرے میں آتا ہے۔

وزیر اعظم کی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی الیکشن کمیشن کی توہین کے مترادف ہے۔ الیکشن کمیشن خلاف ورزی پر تین سال سزا اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن ازخود نوٹس لینے کا اختیار رکھتا ہے۔

الیکشن تاریخ کے اعلان کے بعد کوئی ترقیاتی کام کرانے کا اعلان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم کو بلاکر فنڈز دینے کے بیان پر وضاحت طلب کرے۔

الیکشن کمیشن ممبر ارشاد قیصر نے استفسار کیا کہ عمران خان کو کیس میں بطور وزیراعظم فریق بنایا گیا یا بطور سربراہ سیاسی جماعت؟ کوڈ آف کنڈکٹ میں سیاسی جماعتوں کی بات کی گئی وزیر اعظم کی نہیں۔


متعلقہ خبریں