ڈیپوٹیشن پر آئے اساتذہ کو واپس بھیجنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

فائل فوٹو


اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈیپوٹیشن پر آئے اساتذہ کو واپس صوبوں میں بھیجنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔ 

عدالت نے وفاقی نظامت تعلیمات کا دسمبر 2020 کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے حکم جاری کیا کہ وفاقی نظامت تعلیمات ایک ماہ میں اساتذہ کو سن کر آرڈر میں وجوہات کا ذکر کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ویڈ لاک پالیسی سے متعلق ڈیپوٹیشن اساتذہ کا معاملہ: ڈی جی ایف ڈی ای طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جکم دیا کہ عدالتی حکم کا اطلاق حالیہ نوٹیفکیشن سے متاثرہ پٹشنرز پر ہو گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ویڈلاک پالیسی بائنڈنگ نہیں ہے جو واپس جا چکے ہیں ان پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

عدالت نے یہ حکم بھی دیا کہ ہر کسی کا الگ سے آرڈر لکھیں، اصل کیسز کو غیر ضروری ہارڈ شپ میں نہ ڈالیں۔

گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اﷲ نے ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) سے ویڈ لاک پالیسی کے تحت اسلام آباد کے مختلف اسکولوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے مردو خواتین اساتذہ کو بے دخل (Repatriate) کرنے سے متعلق جواب طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ کیسے چند اساتذہ کو ضم (Absorb) کیا گیا جبکہ باقی ان کو اپنے متعلقہ محکمہ (Parent department) بھیجنے کا حکم دیا گیا۔

دوران سماعت جج نے ریمارکس دیئے تھے کہ ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے مرد و خواتین اساتذہ 15، 20 سال تک اسلام آباد میں ملازمت کرتے رہے لیکن کسی نے اعتراض نہیں کیا۔ عدالت کو بتایا جائے کہ سنگل بینچ کے فیصلے میں کہاں ویڈلاک پالیسی کا قانون متاثر ہوا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی رہائشگاہ کے باہر اساتذہ کا احتجاج، پولیس کی شیلنگ، گرفتاریاں

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایف ڈی ای نے اساتذہ کو ان کے آبائی علاقوں میں بھیجنے کا حکم جاری کرتے ہوئے جلد بازی کا مظاہرہ کیا ۔عدالت نے سٹیٹس کو کو برقرار رکھتے ہوئے مزید سماعت 17 فروری تک ملتوی کردی۔

چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک وفاقی نظامت تعلیمات نہ صرف ڈیپوٹیشن سے متعلق عدالتی فیصلے کو باریکی سے پڑھیں بلکہ ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات اکرام علی ایک حلف نامہ عدالت میں جمع کروائیں اور عدالت کو آگاہ کریں کہ 2006 ءسے 2021 ءتک کتنے لوگ ضم کئے گئے؟ اور ان کا کیا معیار رکھا گیا تھا؟


متعلقہ خبریں