تیسرا ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کو عبرت ناک شکست


پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز تجربہ کار بلے باز روہت شرما اور کے ایل راہول نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

راہول اننگز کے دوسرے جب کہ روہت شرما چوتھے اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے باز ایشن کشن لمبی باری لینے میں ناکام رہے اور محض 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے وکٹ کیپر بلے باز پنٹ کے ساتھ 40 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ پنٹ 25 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

وکٹ کے دوسرے اینڈ پر ویرات کوہلی رنز بناتے رہے، انہوں نے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا ٹوٹل چھ وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز تک پہنچا دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے تین جب کہ جورڈن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ڈیل اسٹین کی پاکستان سے محبت نے بھارتیوں کو آگ لگا دی

157 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلیڈ کی جانب سے بلے بازی کا آغاز جیسن رؤے اور جوز بٹلر نے کیا۔

انگلینڈ کو پہلا نقصان تیسرے اوور میں ہوا جب رؤے 9 رنز بنا کر چہال کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر بٹلر کا ساتھ دینے کے لیے ڈیوڈ مالان کریز پر آئے، دنوں بلے بازوں نے بھارتی بولرز کی خوب پٹائی کی اور میدان کے چاروں اطراف پر چھکے اور چوکوں کی برسات کر دی۔

بٹلر نے 52 گیندوں پر 83 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ جانی بیراسٹرو نے 40 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے محض 18 ویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر لیا۔

میچ میں عمدہ بلے بازی کرنے پر انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز بٹلر کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس جیت کے ساتھ انگلینڈ کو پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں دو ایک برتری حاصل ہو چکی ہے۔

 


متعلقہ خبریں