ایسٹرازینیکا کے فوائد پر مکمل و پختہ یقین ہے،یورپی یونین ڈرگ ریگولیٹر

ایسٹرازینیکا کے فوائد پر مکمل و پختہ یقین ہے،یورپی یونین ڈرگ ریگولیٹر

جنیوا: یورپی یونین ڈرگ ریگولیٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسٹرازینیکا کے کورونا ویکسین کے فوائد پراسے مکمل و پختہ یقین ہے۔ یورپی یونین ڈرگ ریگولیٹر کا مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب دنیا کے کچھ ممالک نے اس کے استعمال کو عارضی طور پر روک دیا ہے۔

کورونا ویکسین: امریکی کمپنی نے بچوں پر ٹرائل شروع کردیا

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چند ممالک نے برطانوی ویکسین کے استعمال کو اس لیے روکا ہے کہ بعض افراد میں خون کے لوتھڑے بننے کی شکایات پیدا ہوئی ہیں حالانکہ تاحال یہ بات حتمی طور پر کہنا ممکن نہیں ہے کہ لوگوں میں جو شکایات پیدا ہوئی ہیں اس کی وجہ ویکسین ہی ہے البتہ اس حوالے سے تحقیق جاری ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپین میڈیسن ایجنسی کی چیف ایمر کوک نے آن لائن پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ابھی بھی اس بات پر مکمل طور پر یقین رکھتے ہیں کہ ایسٹرازینکا ویکسین کے کورونا وائرس کے خلاف فوائد اس کے ضمنی اثرات کے خطرات سے زیادہ ہیں۔

ایک ویکسین کے استعمال سے خون جمنے کے واقعات:4 ممالک نے استعمال روک دیا

ایمر کوک کے مطابق فی الحال اس طرح کی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے کہ خون کے لوتھڑے بننے کے واقعات کا ویکسین سے براہ راست کوئی تعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کے کلینیکل ٹرائلز کے دوران بھی ایسی کوئی بات سامنے آئی تھی اور نہ ہی ویکسین کے اثرات میں ایسی کوئی بات شامل ہے۔

ایمرکوک کے مطابق آج یورپین میڈیسن ایجنسی کی حفاظتی کمیٹی کا نئے ڈیٹا کے جائزے کے لیے اجلاس تھا اور کمیٹی جمعرات کو ایک خصوصی اجلاس میں کسی نتیجے پر پہنچے گی۔ انہوں ںے کہا کہ کمیٹی مشورہ دے گی کہ کیا اس حوالے سے مزید کون سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے؟

کورونا: ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال جاری رکھا جائے، عالمی ادارہ صحت

یورپین میڈیسن ایجنسی نے ہر عمر کے شخص کے لیے ایسٹرازینکا کی کورونا ویکسین کے استعمال کی اجازت 29 جنوری کو دی تھی۔


متعلقہ خبریں