کراچی:گرمی،بجلی کی بندش اور پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کا براحال کردیا


کراچی: شہر قائد میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، آج درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں دن بھر 6 سے 8 ناٹیکل مائلز کی رفتار سےسمندری ہوائیں چلتے رہنے کا امکان ہے۔

اہلیان کراچی کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنائی ہےکہ دن اورشام کے اوقات میں ہلکے بادل رہیں گے لیکن بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

شہر قائد میں موسم گرم اورخشک رہے گا مگر ہوائیں چلنے کے باعث ہیٹ ویو کی کیفیت نہیں ہوگی۔

شہرمیں بجلی کی بندش (لوڈ شیڈنگ):

گرمی کی شدت میں کمی کے باوجود شہرکےمختلف علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ اورغیراعلانیہ بندش (لوڈ شیڈنگ) کا سلسلہ جاری ہے۔

کےالیکڑک کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کےٹرپ ہونے والے یونٹ کو تیسرے روز بھی بحال نہیں کیا جاسکا ہے۔

کراچی کو بجلی کی فراہمی کے ذمہ دار نجی ادارے کا کہنا تھا کہ تیکنیکی خرابی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کےالیکڑک نے چھ گھنٹوں میں صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن تین دن گزر جانے کے باوجود فنی خرابی دور نہیں کی جا سکی۔

کراچی کے علاقوں لانڈھی، شاہ فیصل، کورنگی، قائدآباد اور گلشن بونیر میں گیارہ گھنٹوں تک بجلی غائب رہی۔

سعید آباد بسم اللہ چوک کےمختلف علاقوں میں کئی گھنٹوں بجلی بند رہی۔ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن اورگولیمارکے علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 گھنٹے طویل ہوگیا۔

چند روز قبل تک کے الیکٹرک شہر قائد میں بجلی کی طویل بندش (لوڈشیڈنگ)کا ذمہ دار سوئی گیس کی مطلوبہ مقدار سے کم فراہمی کو قرار دیتی تھی۔

دونوں اداروں کے درمیان جاری بیان بازی کے بعد وزیراعظم پاکستان نے کابینہ کی توانائی کمیٹی کے ساتھ کراچی کا دورہ کیا اور گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کے بعد کے الیکٹرک کو ’نادہندہ‘ ہونے کے باوجود گیس کی اضافی فراہمی شروع کردی گئی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے احکامات کے بعد کے الیکٹرک کو اضافی گیس کی فراہمی توشروع ہوگئی مگر کراچی کے شہریوں کی قسمت نہیں بدل سکی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے اب اعلانیہ اورغیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا جواز تیکنیکی خرابی کو قرار دیا جاتا ہے ۔ کے الیکٹرک کا عملہ فنی خرابی کے دور ہوتے ہی بجلی کی بحالی کی نوید بھی سنا دیتا ہے۔

شہرمیں پانی کی قلت:

کراچی کا موسم تو بدل گیا مگر شہری طویل بندش اور پانی کی شدید قلت سے تاحال پریشان ہیں۔

شہریوں کو پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ٹینکر مافیا منہ مانگے دام وصول کرکے پانی فراہم کررہی ہے۔

منہ مانگے دام کی ادائیگی کے باوجود اہلیان کراچی کو ٹینکر کے حصول میں سخت پریشانی کا سامنا ہے اور انہیں طویل قطار میں انتظار بھی کرنا پڑرہا ہے۔

گزشتہ روز میٹروول میں  پھٹنے والی پانی کی لائن کی مرمت مکمل نہ ہوسکی ہے۔ بلدیہ ٹاون، شیرشاہ اور سائٹ کے علاقوں میں بھی پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں