پشاور: محکمہ صحت کا فارمولا، پرفارمنس دو کنٹریکٹ لو


پشاور: خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکریٹری صحت نے تمام ’بورڈ آف گورنرز‘ کے کنٹریکٹ میں توسیع کارکردگی سے مشروط کردی ہے۔

ہیلتھ سیکرٹری عابد مجید کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق موجودہ بورڈ آف گورنرز کےعہدیداران کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے جاری کردہ اعلامیہ میں تمام متعلقہ افراد کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی تنبیہہ بھی کی گئی ہے۔

بورڈ آف گورنرز کے عہدیداران کو مختلف شعبوں میں پرفارمنس دکھانے کیلئے الگ الگ سیکشن دیے گئے ہیں۔

صوبائی سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے تمام بورڈ آف گورنرز کو اپنی پرفارمنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سرکاری اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ کنٹر یکٹ میں توسیع کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی۔

خیبر پختونخوا حکومت اس سے قبل بھی سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھا چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی قیادت تسلسل کے ساتھ دعویٰ کرتی آئی ہے کہ اس نے صوبے کے محکمہ صحت میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت صوبائی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ عوام الناس سے معلوم کیا جاسکتا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کی صورتحال میں کس قدر بہتری آئی ہے؟

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی گزشتہ دنوں صوبہ خیبرپختونخوا کے دورے کے موقع پر محکمہ صحت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں