اسلام آباد: پولی تھین بیگز بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، مالک کو جرمانہ

اسلام آباد: پولی تھین بیگز بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، مالک کو جرمانہ

فائل فوٹو


وزارت موسمیاتی تبدیلی نے اسلام آباد انتظامیہ کی مدد سے ترنول کے علاقے ڈھوک پراچہ میں پولی تھین بیگز بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا ہے۔

اس حوالے سے وزیر مملکت زرتاج گل کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترنول میں واقع فیکٹری میں ماحول دشمن پولی تھین بیگز بنائی جارہی تھیں۔ چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں پولی تھین بیگز ادارہ تحفظ ماحولیات کے اہلکاروں نے قبضے میں لے لی۔

زرتاج گل کے مطابق ترنول کے علاقے ڈھوک پراچہ میں واقع فیکٹری کے مالک پر ایک لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ جرمانے اور سزا سے بچنے کے لیے پولی تھین بیگز بنانے والی فیکٹری گھر میں قائم کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: لاہور: عدالت کا پولی تھین بیگز کے استعمال کو روکنے کا حکم

انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالک کو دوبارہ پولی تھین بیگز بنانے کی صورت میں فیکٹری کو مکمل طور پر سیل کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

زرتاج گل نے کہا کہ یکم مارچ سے وزارت موسمیاتی تبدیلی، ادارہ تحفظ ماحولیات اور اسلام آباد انتظامیہ نے پولی تھین بیگز پر پابندی کے مکمل طور پر نفاظ کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں مہم جاری کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولی تھین بیگز پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے استعمال کندگان، دکانداروں اور اس کا کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھاری جرمانے بھی عائد کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحول اور انسانی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے اسلام آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پولی تھین بیگز پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں