بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے مزید چار کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں شہید ہونے والوں کی تعداد 4 ہو گئی | urduhumnews.wpengine.com

سری نگر: مقبوضہ کشمیرکے ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے مزید چار کشمیری شہید ہوگئے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع شوپیاں میں جھڑپوں کے دوران بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد دس ہوگئی۔

مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں قابض بھارتی فوج اور مظاہرین میں ہونے والی جھڑپوں میں 24 گھنٹوں کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 14 ہوگئی۔

بھارتی فوج نے گزشتہ روز بھی سری نگر کے چٹہ بل علاقے کی تلاشی کے دوران چار کشمیری نوجوان شہید کیے تھے۔

بھارتی فوج کی پرتشدد تلاشی کے بعد علاقے میں شدید احتجاج کیا گیا۔ اس دوران متعدد مقامات پر انڈین فورسز نے مظاہرین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

انڈین فورسز کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا۔ جس کے بعد مظاہرین چٹہ بل سے نکل کر سری نگر کے دیگر حصوں میں پھیل گئے۔

رپورٹس کے مطابق انڈین قابض فوج کی ایک گاڑی نے سری نگر کے صفاکدل نامی علاقے میں جان بوجھ کر عادل احمد نامی مقامی شہری کو ٹکر ماری۔

صفاکدل علاقے کے نوجوان عادل کو فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا تھا۔

حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے بے گناہ اور نہتے کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دی ہے۔

گزشتہ روز قابض بھارتی افواج نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کو گرفتار کرلیا تھا۔

کشمیری رہنما بھارتی افواج کے بڑھتے مظالم اور انسانیت سوز تشدد کے خلاف پریس کانفرنس کرکے دنیا کی توجہ وادی کشمیر کی جانب مبذول کرانا چاہتے تھے۔


متعلقہ خبریں