الیکشن کمیشن کو حکومتی دھونس دھمکیاں قابل مذمت ہیں، بلاول


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرادری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر حکومت کی جانب سے متواتر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو حکومتی دھونس دھمکیاں قابل مذمت ہیں۔ دھاندلی میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا شراکت دار بننے سے انکار کو بغاوت کے طور پر لیا گیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنی ذمہ داریاں آئین وقانون کے مطابق نبھانی ہیں۔ الیکشن کمیشن ایک قومی ادارہ ہونے کی حیثیت سے پوری قوم اور آئین اُس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجاب حکومت نے ڈسکہ میں من پسند افسران تعینات کر کے الیکشن متنازع بنائے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن  نے  ہماری تجویز نہیں مانی، یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کیلئے ووٹ خریدے گئے۔ 

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نیوٹرل امپائر کا کردار ادا نہیں کررہا ، تمام سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں، موجودہ حالات میں ادارہ نہیں چل سکتا، ممبران فوری مستعفی ہوں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو، کوئی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن سے خوش نہیں، الیکشن کمیشن ذمہ داری اداکرنےمیں ناکام رہا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا الیکشن کمیشن ہو جس پرسب کواعتماد ہو، موجودہ حالت میں یہ الیکشن کمیشن نہیں چل سکتا، استعفیٰ دینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں