مریم نواز کو دوبارہ بلانا احتساب کے منہ پر تمانچہ ہے، مریم اورنگزیب


لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز کو دوبارہ بلانا احتساب کے منہ پر تمانچہ ہے.

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک پر سلیکٹڈ ٹولہ مسلط ہے اور ملک میں آج مہنگائی کی شرح 16 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے ہمیشہ میثاق جمہوریت کی بات کی تھی۔ نواز شریف کی حکومت سے قبل ملک میں 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی اور نواز شریف کی قیادت نے 2018 میں لوڈشیڈنگ صفر کر دی تھی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں موٹروے کا جال بچھایا اور دہشت گردی ختم کی۔ جس کا صلہ سزائے موت کی چکی، بہنوں اور بیٹیوں کی گرفتاری کی صورت میں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسا شخص جب بھی بات کرے تو جھوٹ بولے، الزامات لگائے اس کے ساتھ کس طرح بات چیت ہو سکتی ہے۔ جس کے ہر فیصلے سے آٹا، بجلی اور دوائی چوری ہو۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد خاقان عباسی کا بیان مضحکہ خیز ہے، فواد چوہدری

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج وہ انتخابی اصلاحات کی بات کر رہے ہیں جو خود ووٹ چوری کی پیداوار ہیں۔ جن کو شہباز شریف سے ڈر تھا کہ اگر وہ باہر رہا تو ان کے کرتوتوں کو بے نقاب کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دوائی جو شریف برادران کے دور میں مفت ملتی تھی آج اس کی قیمت پانچ سو فیصد بڑھا دی گئی ہے۔ مریم نواز کو دوبارہ بلانا احتساب کے منہ پر تمانچہ ہے۔


متعلقہ خبریں