دورہ جنوبی افریقہ: قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں7 اضافی کھلاڑی طلب

فائل فوٹو


لاہور: دورہ جنوبی افریقہ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ میں 7 اضافی کھلاڑی طلب کرلیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں میں عماد بٹ،خوشدل شاہ، محمدعمران، فیصل اکرم، نسیم شاہ، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں۔ شاہنواز دھانی  اور زاہد محمود دورہ زمبابوے کیلئے اعلان کردہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کاحصہ بھی ہیں۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے اعظم خان اور صہیب مقصود کو بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور طلب کرلیا ہے۔ دونوں کرکٹرز این ایچ پی سی کے کوچز کی زیرنگرانی فزیکل ٹریننگ کریں گے۔

قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 19 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق این ایچ پی سی میں ایک اور تربیتی کیمپ 26 مارچ کو قومی اسکواڈ کی جنوبی افریقہ روانگی کے بعد لگے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روزدورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ کی پہلی کرونا ٹیسٹنگ شروع ہوئی تھی۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق اعلان کردہ قومی اسکواڈ کی پہلی کرونا ٹیسٹنگ آج اپنے اپنے شہروں میں ہوئی اور پہلے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کھلاڑیوں کے ساتھ آفیشلز کی ٹیسٹنگ بھی ہوئی۔

18 مارچ کو تمام اسکواڈ کو لاہور رپورٹ کرنے پر دوسری ٹیسٹنگ کی جائے گی جبکہ قومی وائٹ بال اسکواڈ کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹنگ 21 اور 24 مارچ کو لاہور میں ہو گی۔

قومی وائٹ بال اسکواڈ 19 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کرے گا اور دورہ جنوبی افریقہ کے لیے قومی اسکواڈ 26 مارچ کو روانہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ جنوبی افریقہ و زمبابوے کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

واضح رہے کہ 12 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔ اسکواڈ کا اعلان چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کیا تھا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے اعلان کیا تھا کہ بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔


متعلقہ خبریں